بیجنگ4؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)چینی حکومت کی طرف سے ناقدین کے خلاف سخت اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ تیانجن کی ایک عدالت کی طرف سے انسانی حقوق کے نامور وکیل چاؤ شیفینگ کو سات برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ان پر ریاست کے خلاف بغاوت کا الزام عائدکیاگیا تھا۔ بیجنگ میں اس نامور وکیل کی فرم ان مشہور سیاسی قیدیوں کے کیس لڑتی آئی ہے، جنہیں بیجنگ حکومت کی طرف سے گرفتار کیا گیا تھا۔ رواں ہفتے کے دوران انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے سرگرم کارکنوں کے خلاف یہ تیسراعدالتی فیصلہ ہے۔
پوکیمون گو ۔۔ کلنٹن اور ٹرمپ کا حامیوں کے لیے نیا جال
واشنگٹن 4؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی صدارت کے دونوں امیدوار ڈیموکریٹس کی ہیلری کلنٹن اور ریپبلکن کے ڈونلڈ ٹرمپ نوجوانوں نسل سے نئے حامیوں کو اپنا پروردہ بنانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہاں تک کہ اس مقصد کے لیے دنیابھرمیں پھیلے ہوئے گیم ’’پوکیمون گو‘‘کوبھی شامل کرلیاگیاہے ۔امریکی ریاست کولوراڈو میں ڈیموکریٹس کے ایک ذمہ دارJoe Makielskiنے ٹوئیٹر پر دو نوجوانوں کی تصویر کے ساتھ ٹوئیٹ کیا ہے کہ "پوکیمون گو کے ان دو کھلاڑیوں نے اپنا نام انتخابات کی ووٹر لسٹ میں درج کرا لیاہے۔ہیلری کلنٹن نے اپنے گزشتہ ہفتے کے خطاب کے دوران صاف طورپرکہاتھاکہ وہ ذاتی طور پر اپنی انتخابی مہم کی نگراں ٹیم کے ساتھ یہ چاہتی ہیں کہ مزید ووٹروں کو مائل کرنے کے لیے اس کھیل کی مقبولیت سے استفادہ کیا جائے۔ ان کاکہناتھاکہ مجھے نہیں معلوم کہ پوکیمون گو کس کی ایجاد ہے مگر میں یہ جاننے کی کوشش کررہی ہوں کہ اس گیم کو کھیلنے والوں کو پولنگ کے مراکزتک کس طرح کھینچ کر لایا جاسکتا ہے۔موبائل فونز کے لیے خصوصی طورپر تیار کیے جانے والے اس گیم کو7.5کروڑسے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے اور نوجوانوں کے بیچ اس کو بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کی نگراں ٹیم اپنے ارکان کو سڑکوں ، پارکوں اور دیگر مقامات عامہ پر بھیجتے ہیں تا کہ وہ’’پوکیمون گو‘‘کھیلنے والوں کو تلاش کریں اور ان پر کھیل کے دوران ہی انتخابی فہرستوں میں اندراج کے لیے زوردیں۔ریپبلکن امیدوارڈونلڈٹرمپ کی انتخابی مہم کی نگراں ٹیم بھی اس کشتی میں سوار ہونے سے پیچھے نہیں رہی۔ نیویارک شہر میں’’ٹرمپ ٹاور‘‘پوکیمون گو کھیلنے والوں کے لیے مشہور مقامات میں سے ایک ہے۔ریپبلکن امیدوار کی انتخابی مہم کی متعلقہ ٹیم نے گزشتہ ہفتے ایک وڈیو کلپ جاری کیا تھا جس میں ہیلری کلنٹن کو اس مشہور کھیل کے ایک دیو کی شکل میں دکھایا گیا۔